Aug ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح تصادم، ایک جنگجو کی موت

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح تصادم میں ایک جنگجو کے مارے جانے کی خبر ہے۔

سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب مسلح علیحدگی پسندوں نے سرینگر کولگام شاہراہ پر بارڈر سیکورٹی فورس کے ایک دستے پر فائرنگ کر دی۔ رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے بعد بی ایس ایف نے مسلح علیحدگی پسندوں کا پیچھا کیا اور انہیں محاصرے میں لے لیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ شروع ہو گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے اس تبادلے میں ایک مسلح علیحدگی پسند مارا گیا جس کا تعلق لشکر طیبہ سے بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مسلح علیحدگی پسندوں نے ایک عمارت میں پناہ لے رکھی تھی اور آخری اطلاع ملنے تک دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ دو طرفہ فائرنگ میں کم سے کم چار افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے جن میں سے دو بی ایس ایف کے جوان اور دو عام شہری بتائے گئے ہیں۔
کولگام پولیس کے مطابق مسلحانہ تصادم کی جگہ سے، بائیس عام شہریوں کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے جن میں بارہ دکاندار، چھے خواتین اور چار غیر مقامی مزدور ہیں۔

ٹیگس