ہندوستان کا پچھترواں یوم آزادی، وزیر اعظم مودی کا لال قلعے سے خطاب
ہندوستان کے وزیر اعظم مودی نے یوم آزادی کی تقریب سے اپنے خطاب میں کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کیا۔
ہندوستانی وزیر اعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے قوم کو خطاب کرتے ہوئے ملک کی لڑکیوں کو بھی فوجی بنانے کی بات کہی اور کہا کہ اب لڑکیوں کو بھی فوجی اسکولوں میں باقاعدہ داخلے ملیں گے۔
انہوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو تنازعات کئی عشروں سے حل طلب تھے وہ حل ہو گئے ہیں۔ مودی نے اس سلسلے میں بابری مسجد اور رام جنم بھومی تنازعے اور جموں کشمیر کے آرٹیکل تین سو ستر کے خاتمے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کورونا کے خلاف جنگ کے دوران اپنی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک کے چون کروڑ سے زائد لوگوں کو کورونا کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہے۔
مودی نے کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی حکومت کی کامیابی کا دعوی ایک ایسے وقت کیا ہے جب کورونا کی دوسری لہر میں حکومت کے بے بس ہوجانے اور پورے ملک میں خوفناک اور بھیانک مناظر سامنے آنے پر ان کی حکومت پر شدید تنقید ہوتی رہی ہے۔