Aug ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۱:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا سے مزید 509 مریضوں کی موت

ہندوستان میں کورونا سے ہونے والی اموات کے باوجود نئی دہلی میں اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 46 ہزار759 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 26 لاکھ 49 ہزار 947 ہو گئی ہے۔ اس دوران 31 ہزار 374 مریضوں کے صحتیاب ہونے سے اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 18 لاکھ 52 ہزار 802 ہو گئی ہے۔

اس دوران مزید 509 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 37 ہزار370 تک پہنچ گئی ہے۔ 

اس ملک میں جمعہ کے روز ایک کروڑ 3 لاکھ 35 ہزار 290 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک 62 کروڑ 29 لاکھ 89 ہزار 134 افراد کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔

دوسری جانب دہلی میں یکم ستمبر سے نویں سے بارہویں جماعت کے اسکول، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ اور کالج کھولے جائیں گے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے اس معلومات کوشیئر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اور ملک بھر میں کورونا کے معاملات میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ اس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جس طرح تجارتی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کی گئی تھیں اسی طرح تعلیمی سرگرمیاں بھی مرحلہ وار شروع کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی رضامندی کے بغیربچوں کو اسکول آنے پر مجبور نہیں کیاجائے گا۔ اسکولوں میں سماجی دوری پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس کے لیے ہدایات جاری کی جائیں گی۔

ٹیگس