ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالا میں بارش اور زمین کھسکنے کے واقعات، ہلاکتوں کی تعداد اکیس
ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم سے کم اکیس افراد کی موت ہوگئی ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالا کے مختلف حصوں میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اب تک کم سے کم اکیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام نے ان اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پانچ بچوں سمیت تیرہ افراد لاپتہ بھی ہیں-
کیرالا کے چھے اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ سات اضلاع میں اورینج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے- امدادی کارروائیوں کے لئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور فوج نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور جگہ جگہ فوجی جوانوں کو امدادی کارروا ئیوں کے لئے تعینات کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی شدید بارش کی پیشین گوئی کر رکھی ہے- کیرالا کے وزیر اعلی نے ریاست کے باشندوں کے لئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ بہت ہی احتیاط سے کام لیں اور دریاؤں اور پہاڑوں کی جانب جانے سے گریز کریں۔