Oct ۱۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • چین کی مسلسل در اندازی پر اویسی کا طنز، نریندرا مودی چین سے اتنا ڈرے ہوئے ہیں کہ چائے میں چینی نہیں ملاتے

ہندوستان میں مرکزی حکومت پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سخت تنقید اور نکتہ چینی کا سلسلہ جاری ہے۔

لداخ کے بعد اروناچل پردیش اور اتراکھنڈ میں چینی فوج کی مسلسل دراندازی پر وزیر اعظم نریندرا مودی کی خاموشی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم دو چیزوں پر خاموش ہیں-ملک میں ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سرحدی علاقوں پر چین کی بڑھتی دراندازی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کس طرح پلواما واقعے پر وزیر اعظم نے پاکستان میں داخل ہونے کی بات کہی تھی۔

اویسی نے کہا: جب پاکستان کچھ کرتا ہے تو وزیر اعظم سب سے پہلے تبصرہ کرتے ہیں لیکن چین کی بار بار کی دراندازی پر ایک لفظ کچھ نہیں کہا۔

اسد الدین اویسی نے حیدرآباد میں ایک پروگرام میں کہا: جب پاکستان نے پلواما واقعے کو انجام دیا تو اسکے جواب میں وزیر اعظم اس ملک میں داخل ہونا چاہتے تھے، لیکن اب چین اروناچل پردیش اور یہاں تک کہ اتراکھنڈ میں داخل ہو گیا ہے تو کچھ نہیں کیا جا رہا ہے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ نے چین کی دراندازی پر وزیر ا‏عظم کی خاموشی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم چین لفظ سے اتنا ڈرے ہوئے ہیں کہ اپنی چائے میں چینی (شکر) بھی نہیں ملاتے۔

 

ٹیگس