Oct ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۲:۳۲ Asia/Tehran
  • چین کی دراندازی پر اویسی کے بعد بی جی پی کے مشہور ایم پی نے  وزیر اعظم مودی کو آئینہ دکھایا

چین کی دراندازی پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریدنر مودی کے رویے پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی کڑی میں خود بی جے پی کے ایم پی بھی شامل ہو گئے ہیں۔

بی جے پی کے ایم پی سبرامنیم سوامی نے کہا کہ چین کی در اندازی کے مسئلہ میں ہم ہندوستانی اتنے ہی منافق ہیں جتنا پرانے زمانے میں ایک بے لباس بادشاہ کو اس کی عوام بالباس کہتی تھی۔

سبرامنیم سوامی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ چین ہندوستان پر حملہ آور ہے اور ہم بے لباس بادشاہ کو سجے دھجے بادشاہ کی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے جمعہ کو د ٹائمز آف انڈیا میں چھپے اس مضمون کو ٹویٹ کیا جس میں چین میں منصوب امریکی سفیر کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ چین ہندوستان اور اسکے پڑوسیوں پر حملہ آور ہے۔ اسی مضمون کو ٹویٹ کرتے ہوئے سبرامنیم سوامی نے مشہور مصنف ہینس کریشچیئن اینڈرسن کی کتاب ’د ایمپیرز نیو کلوتھ ‘ کے ایک حصے کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ہندوستانی آج بھی اتنے ہی منافق ہیں جتنا برہنہ بادشاہ کو خوبصورت کپڑے میں دیکھنے والی عوام تھے، جب تک ایک چھوٹے سے بچے نے سچ نہ کہہ دیا۔

قابل ذکر ہے کہ ابھی حال ہی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ نے حیدرآباد میں ایک پروگرام میں چین کی دراندازی پر وزیر ا‏عظم نریندرا مودی کی خاموشی پر مزاحیہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے چٹکی لی تھی کہ وزیر اعظم چین لفظ سے اتنا ڈرے ہوئے ہیں کہ اپنی چائے میں چینی (شکر) بھی نہیں ملاتے۔

 

 

 

ٹیگس