Nov ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جمہوری اور انسانی اقدار پر مرکوز : نریندرمودی

ہندوستان کے وزیر اعظم نے ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو جمہوری اور انسانی اقدار پر مرکوز بتایا ہے۔

ہندوستان کے سرکاری خبر رساں ادارے یو این آئی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا میں ہو رہے ڈیجیٹل انقلاب میں جمہوری اقدار کی پاسداری کو ضروری قرار دیا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی میں پیشرفت کے تعلق سے دنیا کے تمام جمہوری ممالک کو انسانی اقدار کا خیال رکھنا ہوگا اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے امکانات سے نوجوان نسل کو بچانا ہوگا۔

ہندوستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی وجہ سے پانچ اہم تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے دعوی کیا کہ ایک اعشاریہ تین ارب ہندوستانیوں کے پاس ایک ڈیجیٹل شناخت ہے۔انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں دنیا کا تیسرا سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام ہے اور ہم صاف توانائی، وسائل اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔

مسٹر مودی نے یہ دعوی ایسی حالت میں کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کے انتہائی خطرناک سطح پر پہنچنے کے لئے مرکزی حکومت کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔ہندوستان کے چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے ڈویژن بینچ نے بدھ کودہلی کی فضائی آلودگی کیس کی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل آف انڈیا کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کی بھی سخت سرزنش کی ۔

ٹیگس