بپن راوت کی آخری رسومات آج مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ
خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل پائلٹ کی جانب سے کوئی ایمرجنسی کال نہیں کی گئی تھی۔
ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو میں 2 روز قبل ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) بپن راوت سمیت 13 افراد کی آخری رسومات آج اس ملک کے دارالحکومت دہلی میں برار اسکوائر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔
انڈین ایئر فورس (IAF) کے ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ریکارڈر، جسے 'بلیک باکس' کے نام سے جانا جاتا ہے، وہ جمعرات کی صبح برآمد کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیف آف ڈفینس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر تمل ناڈو کے کنور میں خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خصوصی ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل پائلٹ کی جانب سے کوئی ایمرجنسی کال نہیں کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق پائلٹ نے سلور اے ٹی سی کو ریڈیو پیغام دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ ویلنگٹن ہیلی پیڈ پر لینڈ کرنے کے لیے اترنا شروع کر چکے ہیں۔ یہ لینڈنگ سے 7 یا 8 منٹ پہلے کی بات تھی۔
واضح رہے کہ بدھ کو تمل ناڈو کے کوننور میں ہیلی کاپٹر حادثے میں سی ڈی ایس بپن راوت، اُن کی بیوی مدھولیکا راوت سمیت 13 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔ ایئرفورس کے حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر Mi17(Helicopter Crash) میں 14 لوگ سوار تھے اور اب صرف گروپ کیپٹن ورون سنگھ ہی واحد ایسے شخص ہیں جو اس واقعے میں زندہ بچ گئے ہیں۔ فی الحال اُن کا علاج جاری ہے۔
جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج جا رہے تھے، جہاں اُنہیں اسٹاف کورس کے طلبہ، افسران اور اساتذہ سے خطاب کرنا تھا۔