ہندوستان روس دفاعی تعاون، امریکہ کو پریشانی لاحق ہوگئی
ہندوستان اور روس کے درمیان ایس فور ہنڈریڈ میزائیل ڈیفنس سسٹم کی خریداری کے معاہدے پر امریکہ کو پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مداخلت پسندانہ بیان دیتے ہوئے ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ روس سے ایس فور ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی خریداری کا سودا منسوخ کردے۔
مذکورہ امریکی عہدیدار نے مداخلت پسندانہ بیان کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ہندوستان سمیت تمام ملکوں سے کہا ہے کہ روس کے ساتھ اسلحے کی خریداری کے نئے معاہدوں سے باز رہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مداخلت پسندانہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب گزشتہ دنوں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بڑے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی تخریبی کوششوں کے باوجود ہندوستان کو ایس فورہنڈریڈ میزائل سسٹم کی فراہمی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور روس نے دوہزار اٹھارہ میں پانچ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر مالیت کے ایک دفاعی سودے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ماسکو نئی دہلی کو ایس فور ہنڈریڈ میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گا۔