مختلف صوبوں کے کسانوں کا اتحاد و یک جہتی، کسان تحریک کا اہم ترین نتیجہ،کسان رہنما راکیش ٹیکیت
ہندوستان کے کسان رہنما راکیش ٹیکیت نے مختلف صوبوں کے کسانوں کے اتحاد و یک جہتی کو کسان تحریک کا اہم ترین نتیجہ قرار دیا ۔
راکیش ٹیکیت نے جمعے کو دہلی کے گوردوارا شری بنگلاصاحب میں اپنے خطاب میں ایک سال سے زائد عرصے پر محیط کسان تحریک اور دھرنوں میں کسانوں کی استقامت اور پائیداری میں سبھی صوبوں اور سبھی مذاہب اور مسالک کے لوگوں کے اتحاد اور یک جہتی کردار کو سب سے زیادہ اہم قرار دیا ۔انھوں نے کہا کہ کسانوں نے اپنے مطالبات سرکار سے منوانے میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ پورے ملک اور ہندوستانی عوام کی کامیابی ہے۔
انھوں نے کہا کہ کسان تنظیموں کے اتحاد سنیکت کسان مورچہ کی طرف سے وہ ہندوستان کی صحافی برادری، ڈاکٹروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے حق کی اس لڑائی میں کسانوں کا ساتھ دیا۔راکیش ٹیکیت نے بتایا کہ کسان تنظیموں کے اتحاد کے فیصلے کے مطابق سنیچر کو دھرنا ختم کرکے کسان اپنے اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے کسان نومبر دو ہزار بیس سے نئے زرعی قوانین کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے پہلے ہی تینوں متنازعہ زرعی قوانین واپس لینے کا اعلان کردیا تھا اور سرمائی اجلاس کے پہلے ہی دن تینوں قوانین کی منسوخی کا بل پاس ہوگیا تھا لیکن کسانوں نے اعلان کیا تھا کہ جب تک ان کے سارے مطالبات تسلیم نہیں کرلئے جاتے ان کا دھرنا جاری رہے گا۔
جمعرات کو سنگھو سرحد پر سنیکت کسان مورچہ کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ کسان سنیچر کو وجے ریلی نکالیں گے اور دھرنا ختم کردیں گے۔