Dec ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۵:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کسانوں کی ریل روکو تحریک

ہندوستان کی ریاست پنجاب میں کسانوں کی ریل روکو تحریک سے ریل سروس تعطل کا شکار ہوگئی۔

ہندوستان کی ریاست پنجاب کے صدر مقام امرتسر میں کسان مزدور سنگھرش کمیٹی، نے پیر کے روز کسانوں کے بینک قرضہ معاف کرنے اور زرعی قوانین کی منسوخی کی تحریک کے دوران ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ اور نوکریاں دینے کے مطالبات کو لے کر منگل کے روز ریل روکو آندولن شروع کیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ احتجاجی کسانوں نے جموں- جالندھر سیکشن کے ریل ٹریفک کو بند کر دیا جس کے نتیجے میں جموں، کٹرہ اور اودھم پور ریلوے اسٹیشنوں پر سولہ ریل گاڑیوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ اس رپورٹ کے مطابق ریل گاڑیوں کی اس اچانک منسوخی کے باعث اسٹیشنوں پر انتظار کرنے والے مسافروں کو گوناگوں مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک ریلوے عہدیدار نے بتایا ہے کہ جموں سے وارانسی جانے والی بیگم پور ایکسپریس،اجمیر جانے والی پوجا ایکسپریس، دہلی جانے والی ڈورنٹو ایکسپریس کے علاوہ کولکتہ اور احمد آباد جانے والی راجدھانی ایکسپریس، جیسلمار جانے والی شالیمار ایکسپریس اور پونے جانے والی جہلم ایکسپریس وغیرہ کو منگل کے روز منسوخ کردیا گیا۔

ٹیگس