Dec ۳۰, ۲۰۲۱ ۱۴:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں مسلمانوں پر ڈالے جانے والے دباؤ پر سخت انتباہ

بالیوڈ کے معروف فلم اداکار نصیر الدین شاہ نے ہندوستان میں مسلمانوں پر حد سے زیادہ دباؤ اور نسل کشی کے نتائج کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

ہندوستان کے معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے دی وائر کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت میں ملک کے مسلمانوں کو پسماندہ اور بیکار بنایا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر شعبے میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔
نصیر الدین شاہ نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی پر منافقت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ سب کا خیال رکھنے کا دعوی کرتے ہیں لیکن اسی کے ساتھ وہ ٹوئٹر پر مسلمانوں کی نسل کشی کی بات کرنے والوں کو فالو بھی کرتے ہیں۔

ہندوستان کے معروف اداکار نصیرالدین شاہ نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کے ساتھ تضحیکی رویہ اختیار کیا جاتا ہے اور انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن انہیں ڈرنا نہیں چاہئے کیونکہ ہندوستان ان کا بھی ملک ہے۔ انھوں نے اس انٹرویو میں ہندوستان میں بڑھتی ہوئی نسل پرستی، فرقہ واریت اور مسلمانوں کے خلاف منظم جرائم کی بابت شدید خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ہندوستان میں مسلمانوں کو دبانے یا ان کے خلاف منظم کارروائی اور نسل کشی کی کوشش کی گئی تو مسلمان آگے آکے اپنا دفاع بھی کرسکتے ہیں۔

ٹیگس