ہندوستان، بنگال میں مسلمانوں کے ووٹ میں غیر متناسب اضافہ ، بی جی پی کا دعوی
ہندوستان میں برسراقتدار جماعت بی جے پی نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ تیئیس برسوں میں مغربی بنگال میں مسلم ووٹروں کی تعداد میں غیر متناسب اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے-
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق بی جے پی نے الیکشن کمیشن کے سامنے یہ دعوی کیا ہے کہ گزشتہ تیئیس برسوں میں یعنی دوہزار دو سے دوہزار پچیس کے دوران مغربی بنگال میں مسلم ووٹروں کی تعداد میں ایک سو ستائیس اعشاریہ سات فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ہندو ووٹروں کے بہتر اعشاریہ تیس فیصد اضافے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
بی جے پی کے اس دعوے کے جواب میں ترنمول کانگریس نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دو ہزار گیارہ کے بعد مردم شماری نہ ہونے کے باعث ایسے اعداد و شمار غیر معتبر ہیں اور بی جے پی محض تقسیم کی سیاست کر رہی ہے۔
ترنمول کانگریس کے ترجمان جے پرکاش مجمدار نے کہا کہ دوہزار گیارہ کے بعد ہندوستان میں کوئی مردم شماری نہیں کرائی گئی، اس لئے بی جے پی کے دعوے ناقابلِ اعتبار ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب مغربی بنگال کی شرحِ پیدائش قومی اوسط سے کم ہے تو مسلم آبادی میں اتنا بڑا اضافہ کیسے ممکن ہے؟ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن فی الحال مغربی بنگال سمیت بارہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی کر رہا ہے، جبکہ ریاست میں اگلے برس اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok