کشمیر میں تصادم، 3 عسکریت پسند جاں بحق
Jan ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۵ Asia/Tehran
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے چند گام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین تصادم میں 3 عسکریت پسند جاں بحق ہوئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے دعوی کیا ہے کہ ضلع پلوامہ کے چند گام علاقے میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران جیش محمد سے وابستہ 3 غیر ملکی عسکریت پسند مارے گئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ عسکریت پسند جنوبی ضلع پلوامہ کے چند گام علاقے میں چھپے ہوئے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور کارروائی شروع کی جس کے دوران 3 عسکریت پسند جاں بحق ہوئے۔
ہندوستان کی سکیورٹی فورسز نے عوامی احتجاج کے خوف سے اس علاقے میں سکیورٹی سخت کردی ہے۔