Mar ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ہندوستانی میزائل گرنے کا واقعہ تکنیکی غلطی تھی، ہندوستانی وزارت دفاع

حکومت ہندوستان نے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ہندوستانی میزائل گرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تصدیق کردی ہے۔

ہندوستان کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نو مارچ کو معمول کی دیکھ بھال کے دوران ایک میزائل غلطی سے حادثاتی طور پر فائر ہوگیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے پر جہاں حکومت ہندوستان کو افسوس ہے وہیں یہ راحت کی بات ہے کہ حادثے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ہندوستانی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس واقعے کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے اور اعلی سطحی کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

اس سے پہلے پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے، آئی ایس پی آر کے سربراہ بریگیڈیئر بابر افتخار نے کہا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے آنے والا ایک فلائنگ آبجیکٹ نو مارچ کو شام چھے بج کر پچاس منٹ پر میان چنوں شہر کے قریب گرا جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی فضائیہ نے مذکورہ ہندوستانی فلائنگ آبجیکٹ کی نگرانی کی اور اسے مار گرایا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی ہندوستان سے اس واقعے پر باضابطہ طور پر جواب مانگا تھا۔

ٹیگس