ہندوستان کی ریاستوں میں مذہب اور زبان کی بنیاد پر اقلیت کا درجہ
ہندوستان کی ریاستوں میں مذہب اور زبان کی بنیاد پر جن برادریوں کی آبادی کم ہے، انہیں اقلیت کا درجہ دیا جائے گا۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مرکزی حکومت نے مفاد عامہ کی اپیل پر جاری نوٹس کے جواب میں حلف نامے میں اعلان کیا ہے کہ جن ریاستوں میں ہندو یا دیگر برادری کے لوگوں کی تعداد کم ہے حکومت انہیں مذہب اور زبان کی بنیاد پر اقلیت کا درجہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ اپیل بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اشونی کمار اپادھیائے ایڈوکیٹ نے سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔ اس اپیل میں مختلف ریاستوں میں ہندوؤں اور دیگر برادری کے لوگوں کواقلیتی برادری کا درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس اپیل میں درخواست گزارنے کہا ہے کہ لداخ، میزورم، لکشدیپ، ناگا لینڈ، میگھالیہ، پنجاب، منی پور اور ارونا چل پردیش وغیرہ میں، ہندو اور بعض دیگر مذاہب کے پیروکاراقلیت میں ہیں لہذا انہیں اقلیتی برادری کا درجہ دیاجائے۔