Apr ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
  • راجیہ سبھا میں آئی این ایس وکرانت گھپلے پر ہنگامہ

ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں جمعرات کو حزب اختلاف نے آئی این ایس وکرانت گھپلے پر کافی ہنگامہ کیا

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں جمعرات کو وقفہ صفر کے دوران شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت اور انیل دیسائی نے آئی این ایس وکرانت طیارہ بردار بحری جہاز سے متعلق سو کروڑ روپے کے گھپلے کا معاملہ اٹھایا ۔ شیوسینا کی پرینکا چودھری نے رول دو سو سڑسٹھ کے تحت اس مسئلے پر بحث کا مطالبہ کیا تھا ۔ بحث کا مطالبہ مسترد کئے جانے پر شیوسینا ، کانگریس پارٹی اور بعض دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے ایوان کے وسط میں آکر نعرے بازی اور ہنگامہ شروع کردیا ۔

چیئرمین راجیہ سبھا ایم وینکیا نائیڈو نے ہنگامہ بڑھنے کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔ دوسری جانب ایوان زیریں لوک سبھا میں جمعرات کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکراوم برلا نے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی کی رپورٹ پیش کی اور تعاون کے لئے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کا اعلان کردیا۔

ٹیگس