بی جے پی اور اسکے اتحادی فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں: شرد پوار
ہندوستان میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی اور اسکے اتحادی ملک میں فرقہ وارانہ ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پوار کا بیان کئی صوبوں میں ہندوؤں کے رام نومی اور ہنومان جینتی نامی تیوہار پر نکلنے والے جلوس کے دوران ہوئے تشدد، نیز مہاراشٹرا میں مسجدوں میں لاؤڈ اسپیکر کا موضوع اٹھائے جانے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
پوار نے ٹویٹ کیا کہ فرقہ وارانہ افکار کی تبلیغ تشویش کا موضوع ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی پارٹی عوام سے مربوط مسائل جیسے پٹرول، ڈیزل، گیس اور کھانے کے تیل کی بڑھتی قیمتوں کے موضوع کو اٹھائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارتی جنتا پارٹی (بھاجپا) اور اسکی اتحادی پارٹیاں ملک میں فرقہ وارانہ ماحول بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ہم لوگوں میں بیداری لانے اور لوگوں میں مساوات کا ماحول بنانے کی کوشش میں شامل ہیں۔
مدھیہ پردیش، گجرات اور جھارکھنڈ جیسے صوبوں میں رام نومی کے جلوسوں کے دوران تشدد کے واقعات ہوئے، جبکہ سنیچر کو دلی کے جہانگیر پوری علاقے میں ہنومان جینتی پر نکلے جلوس کے دوران جھڑپیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران انکی اور انکے اتحاد میں شامل پارٹیاں، جنوبی صوبوں کا، جہاں بھاجپا کی حکومت ہے، دورہ کریں گی اور وہاں رائے عامہ کو اپنی پارٹی کے حق میں موڑنے کی کوشش کریں گی۔