May ۰۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۸ Asia/Tehran
  • کشمیر میں جھڑپ، دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعوی

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم کی خبر ہے۔

سرینگر سے ہمارے نمائندے نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنیچراور اتوار کی درمیانی رات کولگام کے علاقے چیان دیوسر میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن اور گھرگھر تلاشی شروع کی گئی ۔ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد شروع ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔
ایک اور رپورٹ میں ہندوستان کے دفاعی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سنیچر کی رات لائن آف کنٹرول کے راجوری سیکٹر پر عسکریت پسندوں کی دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا گیا ۔
ہندوستانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ فوجیوں کی فائرنگ سے ایک عسکریت پسند مارا گیا ۔
اسی طرح ہندوستان کی سرحد محافظ فورس، بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ارینہ کے علاقے میں ایک مشتبہ ڈرون پر فائرنگ کردی ۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد بی ایس ایف نے پولیس کے تعاون سے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔
ہندوستانی فوج نے بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ٹیگس