موبائل کی خاطر بھائی نے بھائی کی جان لے لی
ویڈیو گیم کھیلنے کے لیے موبائل فون کو لے کر ہوئے جھگڑے میں بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کی جان لےلی ۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ہندوستان کی ریاست گجرات میں پیش آیا جہاں روزگار کی تلاش میں راجستھان سے آئے ایک کسان کے سولہ سالہ لڑکے نے موبائل کی خاطر اپنے گیارہ سالہ بھائی کی جان لے لی۔
پولیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں بھائیوں کے درمیان موبائل پر ویڈیو گیم کھیلنے کے لیے جھگڑا ہوا، جس پر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کے سر پر زور سے پتھر دے مارا۔پولیس کے مطابق اپنی باری ختم ہونے کے بعد چھوٹے بھائی نے ویڈیو گیم کھیلنے کے لیے موبائل بھائی کو دینے سے انکار کیا جس پر بڑے بھائی نے اُس کے سر پر ایک وزنی پتھر دے مارا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ ماجرا یہیں نہیں تھما اور اسکے بعد نہایت افسوسناک انداز میں بڑے بھائی نے اپنے چھوٹے بھائی کی لاش قریبی کنویں میں پھینک دی۔
چھوٹے بھائی کو قتل کرنے کے بعد بڑے بھائی نے ابتدائی طور پر والدین سے غلط بیانی کی کہ اُس کا بھائی آبائی گاؤں راجستھان چلا گیا ہے، تاہم وہاں سے والدین کی جانب سے معلومات حاصل کرنے کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔