ہندوستان اور بنگلادیش کے درمیان ایک اور مسافر ٹرین سروس شروع
ہندوستان اور بنگلادیش کے درمیان ایک اور مسافر ٹرین سروس شروع ہوگئی ہے۔
ہندوستان اور بنگلادیش کے درمیان شروع کی جانے والی یہ تیسری مسافر ٹرین سروس ہے جو مغربی بنگال کے نیو جلپائی گڑی اسٹیشن سے ڈھاکہ کینٹ کے لئے بدھ کی شام روانہ کی گئی۔
متھالی ایکسپریس کے نام سے شروع کی جانے والی تیسری مسافر ٹرین کو ہندوستان اور بنگلادیش کے ریلوے کے وزیروں نے دہلی میں منعقدہ ایک ورچوئل پروگرام میں ویڈیو لنک کے ذریعے نیو جلپائی گڑی سے ہری جھنڈی دکھا کر ڈھاکہ کینٹ کے لئے روانہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلادیش کے ریلوے کے وزیر محمد نورالاسلا م ہندوستان کے دورے پر دہلی میں موجود ہیں ۔
دہلی کے ریلوے بھون میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب میں ہندوستان کے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ متھالی ایکسپریس دونوں ملکوں کی دوستی کو بڑھائے گی اور باہمی روابط کو بہتر نیز مضبوط کرے گی ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہر سطح پر خوشگوار دوستی سے ترقی میں تیزی آئی ہے۔
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے علاقے نیوجلپائی گڑی اور ڈھاکہ کینٹ کے درمیان متھالی ایکسپریس ہفتے میں دو دن چلا کرے گی ۔ مسافر ریل سروس چلانے کا فیصلہ ستائیس مارچ دو ہزار اکیس کو دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کی ورچوئل میٹنگ میں کیا گیا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس کا آغاز اب کیا گیا ہے۔