Jun ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۷ Asia/Tehran
  • نوپور شرما۔ بی جے پی کی سابق ترجمان
    نوپور شرما۔ بی جے پی کی سابق ترجمان

رضا اکیڈمی کی شکایت پر پایدھونی پولیس نے نوپور شرما کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

ہندوستانی ذرائع کے مطابق پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کے خلاف توہین آمیز بیان دینے پر ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کی معطل لیڈر نوپور شرما اپنے خلاف درج مقدمے کے سلسلے میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے ہفتہ کے روز ممبئی پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئیں۔

پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نوپور شرما کے خلاف پیدھونی پولیس اسٹیشن میں 28 مئی کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور پولیس نے نوپور کو ای میل کے ذریعے سمن بھیجے تھے۔ اس کے علاوہ ایک ٹیم نوپور کو اس کی کاپی دینے دہلی بھی گئی تھی۔ اہلکار نے کہا، چونکہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئی، اس لیے ہم پیر کو آگے کی کارروائی کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

رضا اکیڈمی کی شکایت پر پایدھونی پولیس نے نوپور شرما کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ بی جے پی کی سابق لیڈر نوپور شرما کو 25 جون کو اپنا بیان رکارڈ کرانے کے لئے پایدھونی پولیس اسٹیشن آنے کو کہا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شان رسالت (ص) میں حکمراں جماعت کی سابق ترجمان نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے جبکہ ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے مظاہروں میں دو افراد جاں بحق بھی ہو گئے۔ اسکے علاوہ مظاہروں کے دوران پولیس کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر مسلمانوں کی گرفتاریوں اور انہیں بہیمانہ طور پر زدوکوب کرنے کی خبریں بھی تواتر سے موصول ہوتی رہی ہیں۔

 

ٹیگس