بریلی میں “I Love Muhammad” مہم کے تحت احتجاج، لاٹھی چارج، پولیس کی بربریت سے کئی زخمی
بریلی شہر میں جمعہ کی نماز کے بعد “I Love Muhammad” کے نعرے بلند کرنے والے افراد نے احتجاج کیا، جس کے دوران یو پی پولیس نے بربریت کرتے ہوئے لاٹھی چارج کر دیا۔
ہندوستان کے سب سے بڑے صوبے اترپردیش کے بریلی شہر میں “I Love Muhammad” مہم کے تحت جمعہ کی نماز کے بعد مسلمان علٰی حضرت درگاہ اور مولانا توقیر رضا خان کے گھر کے باہر جمع ہوئے، اور بینرز اٹھا کر نعرے لگانے شروع کیے۔ ان مظاہرین نے پیغمبر اسلام (ص) سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں پیغمبر اسلام (ص) کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ اترپردیش کی ہی کانپور شہر میں پولیس کی جانب سے آئی لو محمد کے بورڈ پر متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملک گیر مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

اس دوران جمعہ 26 ستمبر، 2025 کو بریلی شہر میں بھی مسلمانوں کے ذریعے جمعے کی نماز کے بعد ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پیغمبر اسلام (ص) سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی حکومت سے یہ مانگ کی کہ کسی بھی شخص یا گروہ کو اس بات کی اجازت نہ دی جائے جو اسلام کی اہم شخصیات کی شان میں گستاخی کرے۔

موصولہ اطلاعت کے مطابق، پر امن طریقے سے احتجاج کر رہے مسلمانوں پر اچانک سے پولیس نے وحشیانہ طریقے سے لاٹھی چارج کر دی، جس کے نتیجے میں کئی لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کی اس کاروائی کے بعد بریلی سمیت پورے ہندوستان میں عام لوگوں میں غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وہیں پولیس نے بریلی ضلع میں تقریباً 5000 افراد پر مشتمل پولیس تعینات کرنے کی اطلاعات دی ہے، نیز ڈرونز سے نگرانی کی جا رہی ہے۔