اگنی پتھ حکومتی اسکیم کے خلاف ملک کی بیس ریاستوں میں کانگریس کی بیداری مہم
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے مسلح افواج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم کے تعلق سے ملک کی بیس ریاستوں میں پریس کانفرنس کے ذریعے بیداری مہم کا اعلان کیا ہے.
ہندوستانی میڈیا ذرائع نے نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ پارٹی نے ملک کی بیس ریاستوں کے دارالحکومتوں میں اتوار کو فوج کے نئے بھرتی منصوبے ’’اگنی پتھ اسکیم‘‘ کے بارے میں ’’نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ‘‘ کے عنوان سے پریس کانفرنس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کانگریس پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان پریس کانفرنسوں میں ملک کے نوجوانوں کو بتایا جائے گا کہ بی جے پی حکومت اس اسکیم کے ذریعے انہیں دھوکہ دے رہی ہے۔ کانگریس پارٹی نے بتایا ہے کہ ان پریس کانفرنسوں کے ذریعے پارٹی کے ترجمان اگنی پتھ کی حقیقت کے بارے میں نوجوانوں سے بات کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ حکومت کس طرح اس اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق رہنما اجے ماکن ، کیپٹن اجے یادو کنہیا کمار، پون کھیڑا، سپریا شرینیت اور الکا لانبا سمیت سینیئر کانگریس رہنما ملک کی بیس اہم ریاستوں کے دارالحکومتوں میں پریس کانفرنسوں میں بقول کانگریس پارٹی کے اگنی پتھ اسکیم کے حقائق بیان کر رہے ہیں۔