اگنی پتھ اسکیم پر حکومتی موقف میں لچک، باقاعدہ جائزہ لیکر خامیاں دور کرنے کا اعلان
ہندوستان کے وزیر دفاع نے اگنی پتھ اسکیم کا باقاعدہ جائزہ لیکر خامیاں دور کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستان کے سرکاری خبر رساں ادارے یو این آئی کے مطابق وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگنی پتھ کے بارے میں اندیشے غلط ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اسکیم بہت احتیاط سے تیار کی گئی ہے اور اس کے نفاذ میں درپیش چیلنجوں کو حل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تعلق سے جو اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں، وہ انہیں مسترد نہیں کرتے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ان اندیشوں کو موجود نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ہندوستان کے وزیر دفاع نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ اسکیم کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور خامیوں کو دور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی تینوں مسلح افواج میں بھرتی کی نئی اسکیم اگنی پتھ کی مخالفت میں پورے ملک میں پر تشددد مظاہرے ہوئے ہیں جن کے دوران متعدد ٹرینوں کو نذر آتش کردیا گیا اور کئی سرکاری املاک کو بھی خاصا نقصان پہنچایا گیا۔