ہندوستان، پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حکومت کو گھیرنے کا اعلان
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں حکومت کو گھیرنے کا اعلان کردیا۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے اور ایوان زیرین لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے پارٹی کے ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مانسون اجلاس کے دوران پارٹی کی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں مفاد عامہ کے مسائل اٹھائیں گے اور حکومت کو گھیرنے کا کام کریں گے۔
ملک ارجن کھڑگے اور ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ملک کے عوام، مہنگائی اور بے روزگاری کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی گیس سیلنڈر اور پیٹرولیئم ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافے، وفاقی ڈھانچے، اگنی پتھ اسکیم اور بینکوں کی نجکاری سمیت اہم بنیادی مسائل مانسون اجلاس میں اٹھائے جائیں گے۔
کانگریس پارٹی نے اسی کے ساتھ حکومت کی جانب سے غیر پارلیمانی الفاظ کی فہرست کو جمہوریت کا گلا گھوٹنے سے تعبیر کیا۔ کانگریس پارٹی کے لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا ہے کہ حکومت نے حزب اختلاف کو مفاد عامہ کے مسائل ایوان میں اٹھانے سے روکنے کے لئے غیر پارلیمانی الفاظ کی فہرست تیار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور غیر پارلیمانی الفاظ کی فہرست کی اپوزیشن کی طرف سے منظوری ضروری ہے لیکن حکومت آمرانہ روش اپنا کر جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔