ہیرالڈ میڈیا ہاؤس پر ای ڈی اہلکاروں کا چھاپہ
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے نئی دہلی میں ہیرالڈ میڈیا ہاؤس پر چھاپے کو انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے ہیرالڈ ہاؤس پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی حزب اختلاف کی اہم ترین جماعت کانگریس پارٹی کے خلاف بے بی پی حکومت کی انتقامی کارروائی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی مرکزی اپوزیشن پارٹی کانگریس کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہلی میں بہادر شاہ ظفر روڈ پر واقع ہیرالڈ ہاؤس پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان چھاپوں کا مقصد اپوزیشن کی آواز کو دبانا ہے۔
کانگریسی رہنما جے رام رمیش کا کہنا تھا کہ مودی حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے جو قابل مذمت ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ ہیرالڈ میڈیا ہاؤس میں مبینہ گھپلے کے تعلق سے ہندوستان کا مرکزی تفتیشی ادارہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمان راہل گاندھی کو بھی طلب کرکے پوچھ گچھ کرچکا ہے جس پر کانگریسی کارکنوں نے کئی دن تک احتجاجی مظاہرے کئے تھے۔ اس سے پہلے کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمان راہل گاندھی نے فیس بک پر ایک پیغام پوسٹ کرکے کہا تھا کہ مودی حکومت اپنے خلاف بولنے والوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے لیکن اس سے ڈرنے کے بجائے اس کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے ہندوستانی عوام کے نام اپنے اس پیغام میں کہا کہ کانگریس پارٹی آپ کے لئے لڑتی رہی ہے اور آئندہ بھی لڑتی رہے گی ۔