کشمیر: یوم آزادی سے قبل فوجی کیمپ پر حملہ، 3 فوجیوں سمیت 6 ہلاک متعدد زخمی
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں جشن آزادی سے قبل فوجی کیمپ پر حملے میں 3 فوجیوں سمیت 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے پرگرال درہال فوجی کیمپ پر جمعرات کی صبح چند مسلح افراد نے فدائین حملہ کیا جس کے سبب 3 فوجی اہلکار اور 3 مسلح افراد ہلاک جبکہ ایک میجر سمیت 4 فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے بتایا کہ مسلح افراد نے پرگرال فوجی کیمپ کے اندر زبردستی گھسنے کی کوشش کی، اس دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا اور دو حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے پرگرال فوجی کیمپ کے اندر اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب جمعرات کو نماز فجر سے قبل کیمپ کے باہر گولیوں اور بم دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
یوم آزادی سے قبل فوجی کیمپ پر حملے کے بعد جموں وکشمیر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے فوجی تنصیبات، پولیس اسٹیشنوں اور دیگر حساس عمارتوں کے اردگرد اضافی اہلکاروں کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ممکنہ حملوں کو روکنے کی خاطر جموں خطے میں سخت ناکہ بندی کی گئی ہے۔