Aug ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • بی جے پی نے جموں و کشمیر کو تجربہ گاہ بنا لیا ہے: محبوبہ مفتی

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلی اور پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ غیر مقامی باشندوں کو خطے میں ووٹ ڈالنے کا حق دینا جموں و کشمیر کی انتخابی جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ہے

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے مرکزی شہر سری نگر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ خطے کے چیف الیکٹورل افسر کی طرف سے پچیس لاکھ غیر مقامی باشندوں کو ووٹر کے طور پر حق دینا خطے کی جمہوریت کو نابود کرنا ہے -

انہوں نے مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جو کچھ کررہی ہے وہ ملک کے بجائے اپنے مفادات کے لئے کررہی ہے -

محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی دو ہزار چوبیس کے بعد ملک کے آئین کو بھی تبدیل کردے گی اور ملک کے پرچم کو ترنگے کی جگہ زعفرانی جھنڈے میں بدل دے گی ۔

جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلی کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو ایک تجربہ گاہ بنالیا ہے جو تجربہ یہاں کرتی ہے وہ بعد میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی کرتی ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں جموں کشمیر کے سب سے سینئیر سیاسی لیڈر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے بات کرکے، کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جاسکے -

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس مسئلے پر سیاسی جماعتوں سے بات چیت کرنے کے لئے آئندہ پیر کو، کل جماعتی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ 

 

ٹیگس