پی جے پی حکومت من مانیاں کر رہی ہے: کانگریس
ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت پر بینکوں کی نجکاری کے سلسلے میں ریزرو بینک کے انتباہات کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت ریزرو بینک کے انتباہات کو نظرانداز کرکے سرکاری بینکوں کی نجکاری کر رہی ہے جو خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پبلک سیکٹر کے بینکوں کی نجکاری کے تعلق سے ریزرو بینک کے انتباہات پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے اور من مانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نوٹ بندی کے معاملے میں بھی ریزرو بینک کی وارننگ کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانی کی اور ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا۔
کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے کہا ہے کہ آر بی آئی نے وارننگ دی ہے کہ پبلک سیکٹر کے بینکوں کی تعداد ستائیس سے کم ہوکر صرف بارہ رہ گئی ہے۔ حکومت کا منصوبہ اس کی تعداد مزید کم کرنا ہے اور شاید صرف ایک کرنا ہے۔
جے رام رمیش نے کہا کہ ریزرو بینک آف انڈیا کا کہنا ہے کہ ایسا کرکے مصیبت کو دعوت دی جا رہی ہے لیکن مودی حکومت ہمیشہ من مانی کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے نوٹ بندی کے وقت بھی آربی آئی کی بات نہیں سنی تھی۔
کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے اسی کے ساتھ ایک خبر بھی اپنے ٹوئٹ میں پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر پبلک سیکٹر کے بینکوں کی نجکاری سے نقصان زیادہ ہوگا ۔