کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دینے اور آزاد کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ جاری
کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دینے اور غلام نبی آزاد کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی مختلف یونیورسٹیوں سے کانگریس پارٹی کے یوتھ ونگ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کے قائدین سمیت 36 سے زائد پارٹی لیڈروں نے غلام نبی آزاد کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر اپنے استعفے پیش کر دیئے۔
استعفیٰ دینے والوں میں ریاستی نائب صدر انیرودھ رینا اور ریاستی جنرل سیکریٹری مانک شرما بھی شامل ہیں، جنہوں نے بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ۔ یہ پیشرفت غلام نبی آزاد کی حمایت میں کانگریس پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ سے بڑے پیمانے پر استعفوں کے تناظر میں ہوئی ہے۔
منگل کے روز 64 سینئر کانگریس لیڈران بشمول جموں و کشمیر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند نے آزاد کی حمایت میں پارٹی سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ جمعرات کو پارٹی کے یوتھ ونگ کے سنیئر نائب صدر شیخ عامر رسول نے بھی اپنے عہدے اور پارٹی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
شیخ عامر رسول 2018 میں یوتھ کانگریس کے سنیئر نائب صدر منتخب ہوئے تھے، جبکہ 2014 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی ٹکٹ پر حلقۂ انتخاب امیرا کدل سے الیکشن امیدوار تھے۔
واضح رہے کہ ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سینیئر لیڈر غلام نبی آزاد نے گزشتہ ہفتے پانچ عشروں تک کانگریس میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد کانگریس سے استعفا دے دیا تھا۔
کانگریس پارٹی سے استعفا دینے کے بعد غلام نبی آزاد نے کہا تھا کہ وہ جموں کشمیر میں اپنی ایک نئی پارٹی بنائیں گے۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ قومی سیاست سے علاقائی سیاست میں لوٹ رہے ہیں -