ہندوستان روس کے لیے برآمدات میں دوگنا اضافے کے لیے تیار
ہندوستان، روپے اور روبل میں لین دین کے نئے نظام کے تحت روس کے لیے برآمدات میں دوگنا اضافہ کرنا چاہتا ہے۔
اسپوتنک نیوز کے مطابق انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن کے سربراہ ڈاکٹر سکتھیول نے، آئندہ سال مارچ تک ، روس کے لیے ہندوستانی اشیا کی برآمدات میں دوگنا اضافے کی توقع ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ مارچ دوہزار تئیس تک روس کے لیے ہندوستان کی برآمدات پانچ ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن کےسربراہ کا کہنا تھا کہ روس اور ہندوستان کے درمیان قومی کرنسیوں میں لین کا نظام آئندہ ہفتے کام کرنا شروع کردے گا۔
واضح رہے کہ جنگ یوکرین کے نتیجے میں تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے ہندوستان کے لیے روسی ایندھن کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ روس ہندوستان کو رعائتی قیمت میں تیل اور کوئلہ فراہم کر رہا ہے اور دونوں ممالک نے مقامی کرنسی میں ادائیگیوں کا نظام قائم کرکے امریکی ڈالر پر کاری ضرب لگائی ہے۔