Sep ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • بھارتی جنتا پارٹی اور آر ایس ایس پر راہل گاندھی کی کڑی تنقید

کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کو ہندوستان کی آواز قرار دیتے ہوئے بھارتی جنتا پارٹی اور آر ایس ایس پر سخت تنقید کی ہے۔

بھارت جوڑو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے کرناٹک میں داخل ہونے کے بعد اپنے ایک خطاب میں اپنی یاترا کو ہندوستان کی آواز قرار دیا ۔ انھوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا میں ہر ذات، مذہب اور زبان کے لوگ شامل ہیں جو بھائی چارے کی علامت ہے۔ انھوں نے بھارتی جنتا پارٹی اور آرایس ایس پر، اقتدار میں باقی رہنے کے لئے ملک میں نفرت اور تشدد پھیلانے کا الزام عائد کیا۔

کانگریسی رہنما نے کہا کہ بقول ان کے بھارتی جنتا پارٹی کی حکومت نے اپوزیشن کی آواز عوام تک پہنچنے کے سارے راستے بند کردیئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا پوری طرح حکومت کے کنٹرول میں ہے اور وہ اپوزیشن کے خیالات کو عوام تک نہیں پہنچاتا۔

راہل گاندھی نے اسی کے ساتھ الزام لگایا کہ جب وہ پارلیمنٹ کے اندر بولنا چاہتے ہیں توان کے مائیک بند کردیئے جاتے ہیں اور حزب اختلاف کے رہنماؤں کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب حزب اختلاف کے سامنے اپنی آواز عوام تک پہنچانے کا صرف ایک متبادل، بھارت جوڑو یاترا ہی بچا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کنیا کماری سے شروع اور تامل ناڈو اور کیرالا کے مراحل مکمل کرکے ، کرناٹک میں داخل ہوگئی ہے۔ کنیا کماری سے سری نگر تک ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کی مسافت، بھارت جوڑو یاترا میں ، پانچ مہینے میں پیدل طے کرنے کا پروگرام ہے۔

ٹیگس