Oct ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اسکولی طلبا کے یا حسین کے نعرے لگانے پر ہندو تنظیم ناراض، 4 اساتذہ معطل

ہندوستان میں اسکولی طلبا کی جانب سے یا حسین (ع) کی صدا بلند کرنے پر 4 اساتذہ کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اسکول میں  گربا کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ جس میں طلبا کے ایک گروپ نے ’یا حسین‘ کی صدا بلند کی۔ جس کے بعد اسکول کے دوسرے طلبا نے بھی ویسا ہی کیا۔

گجرات کے کھیڑا ضلع کے ہاتھاج پرائمری اسکول کے چار اساتذہ کو محض اس لئے معطل کر دیا گیا کہ ان کی موجودگی میں اسکول کی ایک تقریب کے دوران بچوں نے ’یا حسین‘ کی صدا بلند کی۔ ضلع پرائمری تعلیم کے افسر کے ایل پٹیل نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ ’’اتوار کی صبح، میں نے دیگر عہدیداروں اور پولیس ٹیم کے ہمراہ گاؤں کا دورہ کیا اور اسکول کے لوگوں سے بات چیت کے بعد چار اساتذہ کو فوری طور پر معطل کر دیا ۔ معطل اساتذہ میں جاگرتی ساگر، سبرا بین وورا، ایکتا بین آکاشی اور سولن بین واگھیلا شامل ہیں۔

ہندو دھرم سینا کے راجن تریپاٹھی نے دعوی کیا کہ ’’گربا ہندو تہوار ہے، جس میں دوسرے مذہب کو فروغ دیا گیا۔ اس سے اکثریتی طبقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، لہذا ہماری تنظیم نے اساتذہ پر فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ والدین کو اس کا علم تب ہوا جب طلبا نے گھر لوٹنے کے بعد یہ بتایا۔ مسلم گروپ کی ٹی شرٹ پہنے تقریباً 30 طلبا نے ’یا حسین‘ کی صدا بلند کرنا شروع کر دی، جس کے بعد دیگر طلبا نے بھی ان کے ساتھ نعرے لگانا شروع کر دیئے۔

ٹیگس