ہندوستان: جلوس عید میلاد النبؐی کے دوران بڑا حادثہ، 6 افراد کی موت
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں آج (اتوار کو) جلوس عید میلاد النبؐی کے دوران ایک بڑا حادثہ ہوا ہے جس میں 6 افراد کی موت ہوگئی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں آج علی الصباح جلوس عید میلاد النبیﷺ کے دوران 6 افراد کی درد ناک موت ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بہرائچ کی نان پارا کوتوالی کے بھگڑوا گاؤں میں اتوار کو علی الصباح 4 بجے کے قریب جلوس کا ایک علم ہائی وولٹیج تارسے ٹکرا گیا جس کی زد میں آکر 4 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دو افراد نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ کئی افراد اس حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایک نزدیکی کمیونٹی سینٹر لے جایا گیا جہاں سے انہیں حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے لکھنؤ بھیج دیا گیا ہے۔ 6 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے اور مرنے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے پر افسوس اور مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے علاقے کے ڈی ایم اور اعلیٰ پولیس افسران کو جائے وقوعہ پہنچنے کی ہدایات دی ہیں۔
6 افراد کی موت سے گاؤں میں کہرام مچا ہوا ہے اور لوگ غمگین ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق گرام سبھا (گاؤں کی انتظامیہ) سے وابستہ فرمان اور ظہیر نے بتایا کہ ہائی وولٹیج تار نیچے لٹکا ہوا تھا جسے ٹھیک کرنے کے لئے کہا گیا تھا لیکن متعلقہ محکمے نے اس طرف توجہ نہیں دی۔