مسئلہ کشمیر پر جرمن اور امریکی سفارتکاروں کے بیان سے ہندوستان ناراض
مسئلہ کشمیر پر جرمنی اور امریکا کے موقف پر ہندوستان کا شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: مسئلہ کشمیر پر ہندوستان نے جرمنی اور امریکا کے خلاف مذمتی بیان جاری کردیا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفیر کی جانب سے آزاد کشمیر کے الفاظ استعمال کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا کو اس حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جرمنی کی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کو دوسرے ملک میں در اندازی کرنے والوں کی بھی مذمت کرنی چاہئے
واضح رہے کہ جرمنی میں جرمنی کی وزیر خارجہ اینالینا بیئرباک نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرس میں کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے جرمنی کا بھی ایک کردار اور ذمہ داری ہے۔
قبل ازین پاکستان میں امریکی سفیر ڈونالڈ بلوم نے دورۂ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دوران کئی بار ’’آزاد کشمیر‘‘ لفظ استعمال کیا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’’آزاد‘‘ کشمیر کے دورے کا مقصد “امریکا اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔