Oct ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  • حیدرآباد کو عالمی گرین سٹی ایوارڈ

ہندوستان کے جنوبی شہر حیدرآباد کو ورلڈ گرین سٹی ایوارڈ 2022 سے نوازا گیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے جنوبی شہر حیدرآباد کو ”عالمی شہر سبز 2022، انٹرنیشنل گرین سٹی 2022 ایوارڈ، سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ جنوبی کوریا کے شہر ”جیجو“ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ”باغبانی

Image Caption

 

پروڈیوسرزکی بین الاقوامی انجمن“ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ہارٹیکلچرل پروڈیوسرز، ،The International Association of Horticultural Producers کی جانب سے دیا گیا ہے۔ حیدرآباد ہندوستان کا واحد شہر ہے جسے یہ ایوارڈ ملا ہے۔ مذکورہ انجمن کی طرف سے حیدرآباد کو ”لونگ گرین فار اکنامک ریکوری اینڈ انکلوسو گروتھ  کیٹگری ایوارڈ“Living Green for Economic Recovery and Inclusive Growth بھی دیا گیا ہے۔

ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ  کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے صدر مقام حیدر آباد کو یہ باوقارایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان بین الاقوامی اعزازات سے تلنگانہ اور ملک کی ساکھ مزید مستحکم ہوئی ہے اور یہ کہ یہ بین الاقوامی ایوارڈ اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاستی حکومت شہری ترقی کے پروگراموں کو قوت کے ساتھ نافذ کر رہی ہے۔

 بلدیاتی انتظامیہ اور شہری ترقیات کے ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمینٹ اتھارٹی کی پوری ٹیم اور اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے کہ حیدرآباد ہندوستان کا واحد شہر ہے جسے ان بین الاقوامی ایوارڈوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

15 اکتوبر کو ملنے والی رپورٹ کے مطابق ایوارڈ تقسیم کی تقریب 14 اکتوبر کو منعقد ہوئی تھی۔

 

ٹیگس