ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دیدی
ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں ہندوستان نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔
پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے اور اس کے فورا بعد ہی محمد رضوان بھی چار رن بناکر پویلین لوٹ گئے دونوں پاکستانی اوپنر کو ارش دیپ سنگھ نے آؤٹ کیا لیکن اس کے بعد شان مسعود اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور افتخار احمد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اکیاون رنز بنائے جبکہ شان مسعود باون رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی جارحانہ انداز میں آٹھ بال پر سولہ رن بنائے اور یوں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ بیس اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان ایک سو انسٹھ رنز بنائے ۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی ٹیم کا آغاز بھی تباہ کن انداز میں ہوا اور دس رن کے اسکور پر دونوں اوپنر کے ایل راہل اور کپتان روہت شرما پویلین لوٹ گئے ، یادو بھی سولہ رن بنا سکے تاہم وراٹ کوہلی نے تاریخ ساز اننگ کھیلی انہوں نے ترپن گیندوں پر بیاسی رن بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ہاردیک پانڈیا نے بھی ان کا بہترین ساتھ دیا اور سینتیس گیندوں پر چالیس رن بنائے ہندوستان نے آخری تین اوو روں میں اڑتالیس رن بناکر شاندار فتح حاصل کی میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا ۔