ہندوستان: دیوالی پر آتش بازی سے 41 افراد جھلس گئے
ہندوستان میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 40 سے زیادہ افراد جھلس گئے ۔
سحر نیوز/ ہندوستان : ہندوستان میں گزشتہ روز ہندوؤں کا تہوار دیوالی منایا گیا۔ اس دوران کئی شہروں میں پابندی کے باوجود آتش بازی کی گئی اور تیز آواز والے پٹاخے بھی چھوڑے گئے۔ کئی مقامات پر حادثے بھی پیش آئے جن میں کئی لوگ متاثر ہوئے۔
یو این آئی نیوز ایجنسی کے مطابق شہر حیدرآباد میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے جلانے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں 40 سے زیادہ افراد جھلس گئے اور24 لوگوں کی آنکھیں بھی متاثر ہوئیں ۔
تمام متاثرین کو علاج کے لئے لے جایا گیا جن کی تعداد 41 بتائی جاتی ہے، جبکہ 19مریضوں کو اسپتال میں داخل کروایا گیا جن میں سے 4 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔ ان میں ایک بچہ اپنی آنکھ سے محروم ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے حال ہی میں دیوالی کے موقع پر ممنوعہ پٹاخوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کی تھی۔
لیکن اس کے باوجود لوگوں نے جم کر آتش بازی کرتے ہوئے تمام احکامات کی خلاف ورزی کی ۔
حیدرآباد کے کئی شہریوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹاخوں کے جلانے کے نتیجہ میں بڑے پیمانہ پر دھواں فضا میں پھیل گیا جس سے ضعیف افراد کو سانس لینے میں دشواریوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔