Nov ۰۴, ۲۰۲۲ ۰۶:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ڈھائی فٹ کا دولہا، تین فٹ کی دلہن، منہ دکھائی میں سونے کی انگوٹھی

ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے ڈھائی فٹ کے عظیم منصوری کی شادی کی خواہش بالآخر پوری ہوگئی اور اب جیون ساتھی ملنے سے بہت خوش ہیں۔

سحرنیوز/ ہندوستان: ریاست اترپردیش میں ضلع شاملی کے قصبہ کیرانہ کے رہنے والے عظیم منصوری کی شادی بدھ کی رات انجام پائی اور دیر رات تک دلہن کی رخصتی ہوئی۔ عظیم منصوری کا قد ڈھائی فٹ ہے جبکہ ان کی بیگم تین فٹ کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عظیم منصوری دوسری جماعت تک پڑھے ہیں جبکہ دلہن، بشریٰ، نے بی کام کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو عظیم نے بتایا کہ اللہ تعالی نے ان کی جوڑی ہاپوڑ میں بنائی اور اب شادی کرکے بہت خوش ہیں۔ عظیم کی برات ہاپوڑ گئی تھی جو ریاست اتر پردیش میں ہی واقع ہے۔ عظیم نے بتایا کہ وہ جلدہی اپنی شریک حیات کے ساتھ عمرہ کرنے کے لئے سعودی عرب جائیں گے۔

عظیم منصوری تین چار سال پہلے اس وقت سرخیوں میں آئے تھے جب وہ اپنی شادی کے سلسلے میں تھانے پہنچ گئے تھے۔ وہ اس بات سے ناراض تھے کہ ان کے والدین ان کی شادی میں تاخیر کر رہے ہیں۔ عظیم منصوری نے پولیس سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی شادی کرانے میں مدد کرے۔ اس کے بعد عظیم میڈیا اور سوشل میڈیا میں چھاگئے اور کسی فلم یا کرکٹ اسٹار کی طرح خبر رساں ایجنسیوں اور ٹی وی چینلوں نے ان سے انٹرویو لئے۔عظیم کی یہی شہرت ہاپوڑ میں رہنے والی تین فٹ کی لڑکی سے ان کا رشتہ ہونے اور پھر شادی ہونے کا سبب بنی۔

عظیم منصوری نے بتایا کہ وہ اپنی بیگم کو منہ دکھائی میں سونے کی انگوٹھی دینا چاہتے تھے لیکن انگوٹھی وقت پر تیار نہیں ہوئی تاہم ایک دو دن میں وہ سونے کی انگوٹھی اپنی شریک حیات کو دے دیں گے۔

ہاپوڑ میں نکاح کے موقع پر بہت زیادہ بھیڑ ہونے کی وجہ سے پولیس نے سیکورٹی کا انتظام کیا تھا۔ جمعرات کو دن بھر عظیم کے گھر پر مبارک باد دینے والوں کا تانتا لگا رہا۔ مبارک باد کے ساتھ ساتھ ہر کوئی نئی دلہن کے دیدار بھی کرنا چاہتا تھا۔

 

 

ٹیگس