Nov ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • حکومت پر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کا الزام

ہندوستان میں کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے مرکز کی بے جے پی حکومت پر اپوزیشن کی آواز دبانے کا الزام لگایا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے جمعرات کو وزیراعظم نریندر مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں جب بھی اپوزیشن کے رہنما عوامی مسائل اٹھاتے ہیں اور کچھ بولنا چاہتے ہیں تو ان کا مائیک بند کردیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور چین کی دراندازی جیسے مسائل اٹھانے کی اجازت نہیں دیتی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ عوام کی آواز کو دبانا تکبر ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم سن لیجئے آپ عوام کی آواز کو نہیں دباسکتے، عوام کی آواز کی گونج آپ کا غرور توڑ دے گی ۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریسی رہنما راہل گاندھی بھارت جوڑو یاتر کی قیادت کررہے ہیں ۔ کنیا کماری سے شروع ہونے والی یہ یاترا ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ پانچ ماہ میں طے کرکے سری نگر پہنچ کر ختم ہوگی ۔
کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ اس یاترا کا مقصد سماج میں بقول اس کے بی جے پی اور آر ایس ایس کی پھیلائی ہوئی نفرت کو ختم کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانا ہے۔

ٹیگس