بھوپال میں عظیم اجتماع، حصول تعلیم اور اتحاد مسلمین پر زور، دس لاکھ سے زیادہ کی شرکت
ہندوستان کے شہر بھوپال میں سالانہ عظیم عالمی تبلیغی اجتماع جمعہ کو شروع ہوگیا۔ اس اہم اجتماع کا آغاز درس قرآن سے ہوا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے صدر مقام بھوپال کے اینٹ کھیڑی علاقے میں جمعہ کی صبح 73 واں سالانہ عظیم عالمی تبلیغی اجتماع شروع ہوگیا۔ اجتماع کا آغاز صبح نماز فجر کے بعد تلاوت قرآن مجید اور درس قرآن سے ہوا۔ بعد ازآں، علمائے دین نے اجتماع سے خطاب کیا۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق علمائے دین نے اپنے خطاب میں حصول تعلیم اور اسلام کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے پر زور دیا۔ حصول علم سے غفلت اور قرانی تعلیمات سے دوری کو مسلمانوں کی پسماندگی کا سبب قرار دیا گیا۔ خبروں کے مطابق اجتماع میں دس لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق کووڈ انیس وبا پھیلنے کی وجہ سے یہ اجتماع دو سال کے وقفے سے ہو رہا ہے اور اس بار غیرملکی جماعتیں کورونا کی وجہ سے اجتماع میں شریک نہیں ہوں گی۔ جمعرات تک ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے دو ہزار ایک سو چوالیس جماعتیں بھوپال پہنچ چکی تھیں۔ یہ چار روزہ اجتماع 21 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوجائے گا۔
پہلا تبلیغی اجتماع سنہ 1947 میں منعقد ہوا تھا جب اس اجتماع میں مقامی 14 افراد ہی شریک ہوئے تھے۔ بعد میں اس اجتماع کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ ہوا اور اس کو عالمی حیثیت حاصل ہوگئی۔ اس اجتماع کی اہمیت اور شہرت اتنی زیادہ ہوئی کہ اس کا نام "گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز" میں بھی درج ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے افراد بھی اجتماع میں شرکت کرنے کے لئے آتے ہیں۔