Dec ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: 'ایگزٹ پول' گجرات، ہماچل میں بی جے پی، دہلی میں عآپ کو زبردست کامیابی

ہندوستان کی تین ریاستوں میں حالیہ انتخابات کے ایگزٹ پول نتائج کے مطابق گجرات اور ہماچل پردیش میں بی جے پی جیتے گی اور دہلی میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو واضح کامیابی ملنے کی امید ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق پیر کو ریاست گجرات میں دوسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے بعد مختلف چینلوں نے ایگزٹ پول کے نتائج نشر کئے۔ ان نتائج کے مطابق گجرات میں بی جے پی واضح اکثریت کے ساتھ جیتے گی اور ساتویں بار اپنی حکومت بنائے گي۔

ایگزٹ پول نتائج کے مطابق ہماچل پردیش میں بی جے پی اور کانگریس میں ٹکر کا مقابلہ رہے گا لیکن بالآخر کامیابی بی جے پی کو ملے گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہماچل میں بی جے پی لگاتار دوسری بار حکومت بنائے گی۔

دہلی کے بلدیاتی انتخابات میں ایگزٹ پول نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی (عآپ) کو نمایاں کامیابی ملے گی اور ایم سی ڈی پر بی جے پی کا 15 سالہ راج ختم ہوجائے گا۔ ان نتائج کے مطابق تینوں ریاستوں میں کانگریس کی بُری حالت کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ ایگزٹ پول نتائج کے مطابق مذکورہ تینوں ریاستوں میں کانگریس کے ہاتھ سے بہت سی سیٹیں نکلنے کا امکان طاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں گجرات اور ہماچل پردیش میں ریاستی اسمبلیوں کے لئے ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ دہلی میں بلدیاتی (ایم سی ڈی) انتخابات ہوئے تھے۔ ہماچل پردیش میں 12 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور گجرات میں یکم دسمبر اور 5 دسمبر کو دو مرحلوں میں پولنگ ہوئی تھی۔ دہلی میں میونسپل کارپوریشن کے لئے 4 دسمبر کو انتخابات ہوئے تھے۔ دہلی میں 7 دسمبر اور گجرات اور ہماچل پردیش میں 8 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔

 

 

 

 

ٹیگس