اروناچل پردیش میں پھر ہندوستانی اور چینی فوجیوں میں تصادم، متعدد زخمی
ہندوستان کی ریاست اروناچل پردیش میں ایل اے سی کے قریب ہندوستان اور چین کی افواج کے مابین جھڑپوں میں دونوں ممالک کے متعدد فوجی زخمی ہوگئے ہیں، کچھ ذرائع نے 6 ہندوستانی فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اروناچل پردیش میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر ایک بار پھر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ رواں برس 15 جون کو ہونے والی جھڑپوں میں 15 ہندوستانی فوج ہلاک ہوگئے تھے۔
ہندوستانی انگریزی اخبار دی ہندو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے ہونے والی جھڑپیں بھی مبینہ طور پر ایل اے سی کی خلاف ورزی کی وجہ سے ہوئیں اور دونوں فریقوں کی طرف سے الزام ایک دوسرے پر عائد کیے گئے۔ دونوں جانب سے چند اہلکاروں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں۔
ہندوستان کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں کے مقابلے میں چینی فوجیوں کی زیادہ تعداد زخمی ہوئی۔
توانگ سیکٹر میں ہونے والی مڈ بھیڑ کے بعد افسران کی مداخلت سے دونوں اطراف کے فوجی اہلکار پیچھے ہٹ گئے اور جھڑپیں ختم ہوگئی۔ دونوں ممالک کی فوجوں کے کمانڈرز نے مشترکہ طور پر فلیگ مارچ کیا۔
واضح رہے کہ رواں برس جون میں گلوان میں ہونے والے جھڑپوں میں ہندوستان کے 15 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔