بھارت جوڑو یاترا کے ننانوے دن پورے
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا نے جمعرات پندرہ دسمبر کو ننانوے دن پورے کرلئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا ریاست راجستھان میں جمعرات کو گیارھویں دن بھی جاری رہی۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعرات کی صبح چھے بجے، راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل لوگوں نے ریاست راجستھان میں، لال سوت کے گولیا گاؤں سے گیارھویں دن کا سفر شروع کیا۔
کل جمعے کو بھارت جوڑو یاترا کے سو دن پورے ہوجائیں گے۔ اس تعلق سے کانگریسی رہنماؤں اور کارکنوں میں کافی جوش و خروش پایا جارہا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں، ریاست راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی، سچن پائلٹ ، وزیر صحت پرسادی لال مینا اور کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت متعدد سینیئر پارٹی رہنما شامل ہیں۔
جمعرات کی دوپہر کو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے کسانوں سے ملاقات اور ان کے مسائل سننے کے بعد مختصر خطاب کیا اور شام کو اپنے سفر کا دوبارہ آغاز کیا۔
قابل ذکر ہے کہ تین ماہ دس دن قبل سات ستمبر کو راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا تمل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے اور پروگرام کے مطابق چھبیس جنوری کو سری نگر پہنچ کر ختم ہوگی۔
اس یاترا کا مقصد سماج میں پھیلی ہوئی مذہبی منافرت سمیت مختلف قسم کی نفرتوں اور دوریوں کو ختم کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔