ہندوستانی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ
ہندوستانی پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں پیر کو بھی توانگ میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے مسئلے پر اپوزیشن کا ہنگامہ جاری رہا ۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق پارلیمان میں اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت چین کے ساتھ سرحدی تصادم کے مسئلے پر ایوان میں بحث کرائے اور اسی مطالبے کو لے کر پچھلے کئی روز سے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ ہورہا ہے۔
پیر کو بھی جیسے پارلیمان کی کارروائی شروع ہوئی اپوزیشن نے ایک بار پھر توانگ میں ہوئی حالیہ جھڑپ پر بحث کرانے کا مطالبہ شروع کردیا ہے ۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارجن کھڑگے نے کہا کہ حکومت چین کے مسئلے پر بحث کرانا ہی نہیں چاہتی - اپوزیشن کا جواب دیتے ہوئے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ حکومت پر تنقید ہونی چاہئے اور حکومت کو اس سے کوئی پریشانی بھی نہیں ہے لیکن فوج کی توہین قابل تحمل نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہندوستان سرحد پر چینی فوجیوں کی نقل و حرکت سے لاتعلق رہتی اور نظر انداز کرتی تو ہم مزید فوجی اور فوجی ساز وسامان کیوں سرحدوں پر تعینات کرتے اور ہم کیوں کھلے عام یہ کہہ رہے ہیں چین کے ساتھ ہمارے تعلقات اور روابط معمول کے مطابق نہیں ہیں ۔
واضح رہے کہ دسمبر کے اوائل میں ریاست ارونا چل پردیش کے سرحدی علاقے توانگ میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس میں مبینہ طور پر کئی ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے تھے ۔