Dec ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیراعظم نے کیا بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کا دعوی

ہندوستان کے وزیر اعظم نے سن دو ہزار بائیس میں بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ہفتے وار ریڈیو پروگرام من کی بات میں کہا ہے کہ سن دو ہزار بائیس ہندوستان کے لئے بہت ہی متاثر کن اور شاندار کامیابیوں کا سال رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سال میں جو تاریخ کا حصہ بننے جارہا ہے، معاشی، سماجی اور تکنیکی شعبوں میں بہت سی بڑی کامیابیاں حاصل کیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اختتام پذیر سال دو ہزار بائیس میں ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بنا، اس نے ترقی کی نئی رفتار پکڑی اور کووڈ ویکسینیشن میں ریکارڈ کامیابی کے ساتھ ہی چار سو ارب ڈالر سے زیادہ کی مالیت کی برآمدات کے جادوئی اعداد وشمار کو عبور کیا۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نے اسی کے ساتھ کہا کہ ملک کے لوگوں نے اتحاد ویکجہتی کے مظاہرے کے لئے بہت سی تقریبات منعقد کیں۔
نریندر مودی نے یہ باتیں ایسی حالت میں کیں کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ان کی حکومت پر بے روزگاری بڑھانے، عوام کی معیشت تباہ کرنے اور مذہبی منافرت پھیلا کر ہندوستانی سماج کی قومی یکجہتی کو مجروح کرنے کا الزام لگاتی ہیں۔
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران حزب اختلاف کے اراکین نے دونوں ایوانوں میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کے علاوہ بے روزگاری اور مہنگائی پر بھی بحث کا مطالبہ اور اس سلسلے میں ہنگامہ کیا۔

ٹیگس