Dec ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • بھارت جوڑو یاترا کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے: کانگریسی رہنماؤں کا دعوی

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی پر بھارت جوڑو یاترا کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کرنے کا الزام لگایا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کی قومی ترجمان سپریہ شری نیت اور میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی پر بوکھلاہٹ طاری ہوگئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران، ان کا پورا آئی ٹی سیل اور مختلف ٹی وی چینل بھارت جوڑو یاترا میں عوام کی بھیڑ سے بوکھلا کر جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔

کانگریس پارٹی کی ترجمان سپریہ شری نیت اور میڈیا انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ حکومت اس یاترا کے تعلق سے راہل گاندھی کے خلاف سرکاری اداروں کا بھی غلط استعمال کررہی ہے۔

یاد رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا مختلف ریاستوں سے گزر کر دو دن قبل ہریانہ سے دہلی میں داخل ہوئی ۔

پیر کو اس یاترا کے ایک سو دس دن مکمل ہوچکے ہیں ۔

پیر کی صبح یاترا کے قائد راہل گاندھی نے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی اور سابق وزرائے اعظم کی سمادھیوں پر حاضری دی ۔

راہل گاندھی کی قیادت میں کنیا کماری سے سات ستمبر کو شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا چھبیس جنوری کو جموں و کشمیر کے صدر مقام سری نگر پہنچ کر ختم ہوگی ۔ اس یاترا کا مقصد ہندوستانی سماج میں پھیلائی جانے والی نفرت ختم کرکے آپسی بھائی چارہ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یک جہتی کو مضبوط کرنا بتایا گیا ہے۔

ٹیگس