آل انڈیا مسلم مجلس نے کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کا اعلان کر دیا
آل انڈیا مسلم مجلس نے کانگریس رہنما راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق مسلم مجلس کے قومی صدر، اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے سابق پرووائس چانسلر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبا یونین کے سابق صدر ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ راہل گاندھی کا یہ اقدام ملک میں محبت اور ہم آہنگی قائم کر رہا ہے اور نفرت اور بدامنی پھیلانے والوں کے لئے یہ یاترا ایک کھلا چیلنج ہے۔
انہوں نے حکمراں بی جے پی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اُس پر ملک میں انتشار پھیلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ راہل گاندھی ملک کو درپیش بے روزگاری، مہنگائی، سرکاری ایجنسیوں کا سیاسی مخالفین کے خلاف بے جا استعمال وغیرہ جیسے اہم مسائل کے خلاف رائے عامہ ہموار کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا مہم کو ملک کی اہم خدمت قرار دیا اور اعلان کیا کہ مسلم مجلس ان معاملات میں ان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
پروفیسر بصیر نے مزید کہا کہ بی جے پی ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کر سکی لہذا لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے وہ ہندو مسلم اور دیگر اقوام کے درمیان نفرت کو بڑھاوا دے رہی ہے جس سے ملک میں بدامنی کا خطرہ درپیش ہے، لیکن حق ہمیشہ غالب ہوتا ہے اور باطل کو شکست ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق یہ یاترا 3 جنوری کو پوپی میں داخل ہوگی۔