بیرون ملک ہندوستانی، ملک کے سفیر ہیں، وزیراعظم مودی
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے پوری دنیا میں بسنے والی ہندوستانی برادری کو ہندوستان کا قومی سفیر قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: اندور میں منعقدہ سترہویں پرواسی بھارتی دیوس، یا این آر آئیز ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانی برادری کو چاہئے کہ وہ دنیا کو ہندوستان کے بارے میں بتانے کے لئے وقت کو ایک فرصت کے طور پر استعمال کرے۔ اس تقریب میں گیانا کے صدر محمد عرفان علی، سورینا کے صدر چندر یکا پرساد سنتوکھی اور ہندوستانی وزیر خارجہ نیز ریاست مدھیہ پردیش کے وزیراعلی اور گورنر سمیت متعدد اہم شخصیات موجود تھیں ۔
ہندوستانی وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری نظام میں سفیر ہوتے ہیں لیکن ہندوستان کے عظیم ورثے میں قومی سفیر ہوا کرتے ہیں۔ ہندوستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں ہندوستان کے بارے میں جاننے کے تعلق سے دنیا کی خواہش کے پیش نظر بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے اور انہیں چاہئے کہ حقائق کے ساتھ دنیا کو ہندوستان کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔